ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

’’انوکھی‘‘ کی شیلا رامانی کا تذکرہ

اشتہار

حیرت انگیز

وہ لوگ جو عمرِ عزیز کی پچاس سے زائد بہاریں‌ دیکھ چکے ہیں، اور سنیما کے شوقین رہے ہیں تو اُنھوں‌ نے شیلا رامانی کی وہ فلم ضرور دیکھی ہو گی، جس کا یہ گیت آج بھی بہت شوق سے سنا جاتا ہے، ’’گاڑی کو چلانا بابو ذرا ہلکے ہلکے ہلکے، کہیں‌ دل کا جام نہ چھلکے…‘‘

ماضی میں پاکستان کی فلم انڈسٹری میں‌ اپنے فن اور صلاحیتوں کا اظہار کرنے والوں‌ میں‌ کئی ایسے چہرے بھی تھے جن کا تعلق بھارت یا دوسرے ممالک سے تھا۔ انھوں‌ نے ہر قسم کے کردار ادا کیے اور پاکستانی فلموں‌ میں ٹائٹل رول بھی نبھائے۔ اس ضمن میں پاکستانی فلم ’’انوکھی‘‘ کی بات کریں تو اس کے ہدایت کار شاہ نواز تھے۔ فلم کی ہیروئن کا نام ’’شیلا رامانی‘‘ تھا جو تقسیم ہند سے قبل صوبۂ سندھ کے ایک شہر میں پیدا ہوئی تھیں، اور بعد میں بھارت ہجرت کرگئیں جہاں انھوں نے ممبئی کی فلم نگری میں‌ خوب کام کیا۔

فلم میں شیلا رامانی کے مدمقابل اداکار شاد تھے۔ فلم ’’انوکھی‘‘ کے لیے شیلا رامانی کو خصوصی طور پر بمبئی سے بلوایا گیا تھا۔ یہ فلم 1956 میں نمائش کے لیے پیش کی گئی جس میں شیلا رامانی نے اپنے کردار کو نہایت خوبی سے نبھایا اور ان کی پرفارمنس یادگار رہی، جب کہ ان پر فلمایا گیا گیت ’’گاڑی کو چلانا بابو ذرا ہلکے ہلکے کہیں دل کا جام نہ چھلکے….‘‘ بے حد مقبول ہوا۔ یہ گیت سرحد پار بھی مقبول ہوا۔ تاہم فلم باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی۔

- Advertisement -

اپنے وقت کی اس مشہور اداکارہ نے 2015ء میں آج ہی کے دن وفات پائی۔ وہ 2 مارچ 1932ء کو پیدا ہوئی تھیں۔ چیتن آنند نے شیلا رامانی کو بالی وڈ میں متعارف کرایا تھا اور 1954ء میں جب اداکارہ کی فلم ٹیکسی ڈرائیور نمائش کے لیے پیش کی گئی تو شائقین نے ان کی اداکاری کو بہت پسند کیا۔ شیلا رامانی کی ایک سندھی فلم ابانا بھی ان کے کیریئر میں شان دار اضافہ ثابت ہوئی۔

اس اداکارہ نے زیادہ تر فلموں میں امیر گھرانے کی لڑکی کا کردار نبھایا۔ شیلا رامانی شادی کے بعد امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔ تاہم ان کی زندگی کے آخری ایّام مدھیہ پردیش میں گزرے۔

انھوں نے بمبئی فلم انڈسٹری کے لیے ٹیکسی ڈرائیور، سرنگ، ریلوے پلیٹ فارم، مینار، جنگل کنگ، آوارہ لڑکی اور دیگر فلموں میں کام کر کے شائقین سے اپنی شان دار اداکاری پر خوب داد سمیٹی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں