ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی نے 29 میڈیا اہل کاروں کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شلپا شیٹی نے اپنے شوہر کے فحش ایپس بنانے کے کیس میں’جھوٹی رپورٹنگ اور امیج کو خراب کرنے‘ کے الزام میں 29 میڈیا نمائندوں اور میڈیا ہاؤسز کے خلاف بمبئی ہائی کورٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے، اس کیس کی سماعت آج ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ شلپا نے میڈیا اداروں کو غلط، جھوٹی، بدنیتی پر مبنی بدنام کرنے والی رپورٹنگ کو روکنے کے لیے ممبئی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے، ان کا مؤقف ہے کہ ان کے شوہر راج کندرا کے پورن ایپس کیس میں گرفتاری کے حوالے سے ان کے خلاف سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر غلط مواد شائع کیا جا رہا ہے۔
کرائم برانچ کا چھاپا، شلپا شیٹی رو پڑیں
شلپا نے میڈیا اداروں کے خلاف 25 کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعویٰ بھی کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ شلپا کے شوہر اور معروف کاروباری شخصیت راج کندرا کو 19 جولائی کو سٹی پولیس کی کرائم برانچ نے انڈین پینل کوڈ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد گرفتار کیا تھا۔