اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے نیب میں اپنا تحریری جواب جمع کروا دیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ پیش نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق آج نیب میں طلب کیے جانے کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف تو پیش نہ ہوئے تاہم ان کے وکیل نے نیب میں ان کا تحریری جواب جمع کروا دیا۔
نواز شریف اور ان کے خاندان کے ساتھ وفاقی وزیر اسحٰق ڈار کے وکلا بھی نیب میں پیش ہوئے اور نواز شریف، مریم، حسین، حسن اور اسحٰق ڈار کا جواب جمع کروا دیا گیا۔
مزید پڑھیں: شریف خاندان نے نیب میں طلبی کا تیسرا نوٹس بھی نظر انداز کردیا
وکلا کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا کہ نیب جس قانون کے تحت کارروائی کر رہا ہے، وہ خلاف ضابطہ ہے۔ قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی تحقیقات نہیں دھوکہ ہے۔
جواب میں کہا گیا کہ ریفرنس کی تیاری اور انکوائری کا اختیار چیئرمین نیب کے پاس ہے۔
نواز شریف کی جانب سے کہا گیا کہ وہ نیب میں پیش نہیں ہوں گے۔
یاد رہے کہ نواز شریف، ان کے بچوں اور وفاقی وزیر اسحٰق ڈار کو نیب کی جانب سے 3 بار طلبی کا نوٹس جاری کیا جا چکا ہے تاہم ابھی تک کوئی بھی نیب میں پیش نہیں ہوا۔
شریف خاندان کی جانب سے نیب کو ایک نوٹس بھی بھیجا جا چکا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ابھی پاناما کیس پر نظر ثانی کی اپیل جاری ہے لہٰذا ان کے خاندان کا کوئی بھی فرد نیب میں پیش نہیں ہوسکتا۔