ممبئی: ہندو انتہاء پسند تنظیم شیو سینا کے رہنماء سبھاش ڈیسائی نے پاکستانی اداکاروں کی حمایت میں سلمان خان کی طرف جاری کردہ بیان کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اداکار نے اپنا نقطہ نظر بیان کیا قوم اُن سے متفق نہیں ہے۔
Shiv Sena criticizes Salman Khan over pro… by arynews
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بالی ووڈ اسٹار سلمان خان نے انڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی فنکار دہشت گرد نہیں، دبنگ خان کے اس بیان کے بعد بھارتی ہندو انتہاء پسند تنظیم شیوسینا نے بیان کو مسترد کرتے ہوئے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
بھارتی انتہاء پسند تنظیم کے رہنماء نے سلمان خان کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستانی اداکاروں کی حمایت کرنا سلمان خان کی ذاتی رائے ہے تاہم شیو سینا اپنی سرزمین پر دشمن ملک کے کسی بھی فنکار کو برداشت نہیں کرے گی‘‘۔
انہوں نے کہا کہ سلمان خان کے بیان سے پوری قوم کو تکلیف پہنچی کیونکہ وہ جس ملک کے فنکاروں کی حمایت کررہے ہیں وہ ملک دہشت گردوں کو پشت پناہی فراہم کرتا ہے، انہوں نے سلمان خان کو خبردار کیا کہ پاکستانی فنکاروں کی حمایت سے باز رہیں ورنہ سنگین نتائج کے لیے تیار رہیں۔
سبھاش ڈیسائی نے کہا کہ ’’سلمان خان نے کبھی پاکستان کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے باوجود اس کے خلاف آواز نہیں اٹھائی بلکہ اُن کے فنکاروں کے لیے میدان میں نکل پڑے، سلمان خان کو یہ سوچنا چاہیے کہ یہ وقت پڑوسی ملک کی حمایت کا نہیں بلکہ اُن کے خلاف کھڑے ہونے کا ہے‘‘۔
پڑھیں: پاکستانی فنکار دہشت گرد نہیں، سلمان خان
یاد رہے سرجیکل اسٹرائیک اور اڑی حملے کے بعد بھارتی انتہاء پسندوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو دھمکیاں دی گئیں تھیں جس کے بعد فنکار واپس لوٹنے شروع ہوگئے تاہم گزشتہ روز انڈین پروموشن پکچرز پروڈیوسر ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے حوالے فیصلہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پاکستانی فنکاروں کو 48 گھنٹوں میں بھارت چھوڑنے کی دھمکی
سلمان خان نے پاکستانی فنکاروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ ’’دونوں ممالک کے درمیان پر امن تعلقات کو فروغ دینا چاہیے ، حالیہ سرحدی کشیدگی کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ اُس حملے میں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔