تازہ ترین

میں شاہین آفریدی کی جگہ ہوتا تو۔۔۔۔۔۔شعیب اختر نے کیا کہا؟

قومی ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا شاہین آفریدی کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں انجری سے متعلق بیان سامنے آگیا۔

ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی انجری کا شکار ہوگئے تھے اور اپنے اوورز مکمل نہیں کرسکے تھے۔

شاہین شاہ آفریدی نے شاداب خان کی گیند پر ہیری بروک کا کیچ لیا تھا مگر وہ کیچ لینے کے بعد گھٹنا گراؤنڈ پر لگنے کی وجہ انجری کا شکار ہوگئے تھے۔

انہوں نے اس کے بعد فیلڈنگ بھی کی تاہم جب وہ اپنا تیسرا اہم اوور کرانے آئے تو محض ایک بال ہی کرا سکے تھے اور گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے، شاہین کے اوور کی بقیہ پانچ گیندیں افتخار احمد نے کرائی جس پر انہوں نے 13 رنز دیئے تھے۔

تاہم اب سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے کہا کہ ’اگر میں شاہین کی جگہ ہوتا تو وہ 12 منٹ اور 12 گیندیں کرکے دنیا کا سب سے بڑا اسٹار بن جاتا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں ایک بال کرتا آکر گرتا میرے گھٹنے پر لگتی پھر کھڑا ہوتا پھر انجیکشن لگواتا گھٹنے کو سُن کرتا پھر آتا پھر گرکر اٹھتا بولنگ کرتا لوگ کہتے تم ختم ہوجاؤ گے گھٹنا ٹوٹ جائے گا مرجاؤ گے میں کہتا مرجانا بہتر ہے لیکن ورلڈ کپ ہاتھ سے نہ جائے۔‘

شعیب اختر نے کہا کہ یہ وہ لمحہ تھا جہاں پر آپ سپر اسٹار بن سکتے تھے میں گھٹنا توڑ دیتا پاکستان کے لیے مر جاتا، گھٹنا تو بعد میں بھی جڑ جائے گا لیکن یہ لمحہ واپس نہیں آئے گا۔‘

Comments

- Advertisement -