لاہور: پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ مجھے اور محمد حفیظ کو سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے نوجوان کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کو سراہتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹی 20 اسکواڈ میں ایسے کھلاڑی ہیں جو کافی میچز کھیل چکے ہیں، امید ہے بابر اعظم کی طرح دیگر کھلاڑی بھی تسلسل سے موقع ملنے پر کارکردگی دکھائیں گے۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی تجربے کی بنیاد پر نئے کھلاڑیوں کو سپورٹ کریں، میری ورلڈ کپ میں کارکردگی اچھی نہیں تھی۔ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کھیلنا چاہتا ہوں، کوشش ہوگی بنگلہ دیش کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ کرکٹ کھیلوں، سینئرز کے ذاتی ایجنڈے ہوں تو کبھی بھی اچھی چیز نہیں ہوتی۔ محمد حفیظ کی گارنٹی لے سکتا ہوں کہ انہوں نے ہمیشہ ساتھ دیا۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ بطور کپتان ہی آپ کارکردگی دکھا سکتے ہیں، تمام کھلاڑیوں کی سوچ اور کوشش ٹیم کو جتوانے پر ہوتی ہے۔ مایوس ہوتا تو کرکٹ پوری طرح سے چھوڑ دیتا، لیگز میں بھی نہ جاتا۔ مایوسی نہیں ہے بس ٹیسٹ کی وجہ سے تھکا ہوا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سےخواہش ہوتی ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے کچھ کروں، مجھے اور حفیظ بھائی کو سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا۔ میرے خیال میں دیگر کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ کے زیادہ حقدار ہیں۔ پی سی بی کے اقدام کو سراہتا ہوں، نوجوان کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینا اچھی بات ہے۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی جگہ ہے جہاں سیکیورٹی بہترین ہوتی ہے، دنیا میں کہیں بھی پاکستان جیسی سیکیورٹی نہیں ملتی۔