بیروت: لبنان کے دارالحکومت میں ہونے والے دھماکے سے متعلق تہلکہ خیز انکشاف نے حکومتی نااہلی کی قلعی کھول دی، سیکیورٹی ماہرین دھماکے کی پیشگی اطلاع دے چکے تھے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بیروت دھماکے سے متعلق سیکیورٹی ماہرین رواں سال جولائی میں ہی حکومت کو پیشگی اطلاع دے چکے تھے اور تباہ کن نتائج سے بھی خبردار کیا تھا۔
پیشگی اطلاع کے باوجود اقدامات نہ اٹھانے پر حکومت کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی۔
بیروت کی بندرگاہ کے نزدیک کیمیائی مادہ چھ سالوں سے غیر محفوظ ذخیرے کی صورت میں موجود تھا، سیکیورٹی ماہرین نے حکومت کو خبردار کیا تھا کہ مذکورہ جگہے پر دھماکا ہوسکتا ہے جس سے بڑی تباہی ہوگی۔
بیروت بندرگاہ پر امونیم نائٹریٹ کہاں سے آیا؟
خیال رہے کہ دھماکے کے بعد ملک بھر میں حکومتی نااہلی کے خلاف مظاہرے شروع ہوئے جس پر ردعمل میں گزشتہ روز لبنانی وزیر اعظم حسن دیاب نے اپنی کابینہ کے ہمراہ عوام سے خطاب کے بعد استعفیٰ دیا تھا جبکہ ان سے قبل وزیر اطلاعات منال عبدالصمد اور چھ اراکین اسمبلی مستعفی ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل لبنان کے دارالحکومت بیرون کی بندرگاہ پر خوفناک دھماکے ہوئے تھے جس کے اثرات 24 سے 30 کلومیٹر دور تک گئے تھے، دھماکے کے نتیجے میں 160 افراد جاں بحق جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔