لاہور : صوبائی دارالحکومت میں دکاندار نے قیمتوں کی تکرار پر خاتون خریدار کو تشدد کا نشانہ بناڈالا۔
تفصیلات کے مطابق دکاندار کی جانب سے خریداروں پر بہیمانہ تشدد کا واقعہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پیش آیا جہاں علاقے غازی آباد میں دکاندار اور خریدار قیمتوں کی تکرار پر آپس کمیں جھگڑ پڑے۔
جھگڑے کے دوران دکاندار نے خاتون اور مرد خریدار پر بری طرح تشدد کیا جبکہ فرح بی بی نامی خاتون کے سر پر شیشے کی بوتل دے ماری۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص خاتون کے ہمراہ شدید زخمی حالت میں پولیس اسٹیشن پہنچا تاہم پولیس نے مقدمہ درج نہ کیا۔
غازی آباد کے ایس ایچ او نے موقف اختیار کیا ہے کہ فرح بی بی نامی خاتون کے سر پر بوتل ماری گئی ہے تاہم مقدمہ میڈیکل رپورٹ کے بعد درج کیا جائے گا۔
متاثرہ فریق نے پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ پولیس ملزم کے ساتھ ملی ہوئی ہے اسی لیے ہماری میڈیکل رپورٹ بھی نہیں دے رہی۔
کپڑے کے زیادہ تھان کیوں کھلوائے؟ حیدری مارکیٹ میں تاجر کا خواتین پر تشدد
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کے اوائل میں پاکستان کے معاشی حب کراچی کی حیدری مارکیٹ میں بھی دکاندار کی جانب سے خاتون خریداروں پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا تھا تاہم واقعے کی اطلاع ملتے ہیں پولیس نے جائے وقوعہ پرپہنچ کر دو دکانداروں کو حراست میں لے لیا تھا۔