لاہور : آل راؤنڈر شعیب ملک بالآخر پانچ سال بعد قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا حصہ بن گئے ۔
تفصیلات کے مطابق آل راؤنڈر شعیب ملک کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریزکے لئے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
شعیب ملک کی شمولیت کے بعد ٹیسٹ اسکواڈ کی تعداد سولہ ہوگئی ہے۔ شعیب ملک دوہزار دس کے بعد طویل فارمیٹ میں ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کارکردگی دکھانے پر قومی کرکٹ ٹیم کے مینجر انتخاب عالم اور ہیڈ کوچ وقار یونس نے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی سے شعیب ملک کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی۔
شعیب ملک بتیس ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے 2010 میں آخری ٹیسٹ انگلینڈ کے خلاف ہی کھیلاتھا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ مصباح الحق کی زیر قیادت تیرہ اکتوبر سے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔