سیالکوٹ : مسلح افراد نے کونسلر کو فائرنگ کرکے مار ڈالا، زد میں آکر ایک بچی بھی جاں بحق ہوگئی، ڈاکوؤں نے چھ ماہ قبل مقتول کے دوبیٹوں کو قتل کردیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں اپنے بیٹوں کے خون کا حساب لینے والا مدعی باپ بھی دن دہاڑے قتل کردیا گیا، چھ ماہ قبل ڈاکوؤں نے مزاحمت پر مقتول کے بیٹوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
اُسی قتل کیس کے مدعی باپ مہر خالد کو بھی آج موت کی نیند سلادیا گیا، ٹارگٹ کلنگ کے دوران اندھادھند فائرنگ سے ایک راہگیر بچی بھی لقمہ اجل بنی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد ڈیرے پر آئے، کونسلر مہر کی شناخت کی اور فائرنگ کردی، کونسلر مہرخالد کے قتل کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی، واقعے کے بعد لوگ مشتعل ہوگئے۔
مظاہرین نے اہم شاہراہ کو بند کردیا، انصاف کے حصول اورحکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ چھ ماہ قبل ڈاکوؤں نے مزاحمت پر مقتول کونسلر کے دو بیٹوں مہر وسیم اور مہر مصدق کو قتل کردیاتھا۔
مزید پڑھیں: کوہستانی جرگے کے حکم پرکراچی میں دہرے قتل کی واردات
تین ڈاکوؤں کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد ان کے ساتھیوں نے مقدمے کے مدعی کونسلر مہر خالد کو بھی مار ڈالا۔