نارووال : کرتارپورراہداری کے افتتاح کے موقع پر پاک بھارت سرحدی مقام زیرو پوائنٹ پر سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ، زیروپوائنٹ سے آج 575سکھ یاتری کرتارپور پہنچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کرتارپورراہداری کے افتتاح کے موقع پر پاک بھارت سرحدی مقام زیرو پوائنٹ پر سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ، زیرو لائن پر سکھ یاتریوں کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں اور سکھ یاتریوں کے لئے 76 کاؤنٹر فعال کردیے گئے ہیں۔
بھارت سے آنے والے سکھ یاتری علیحدہ گیٹ سے داخل ہوں گے ، یاتریوں کو زیروپوائنٹ سے گردوارہ لانے کے لئے بسیں ٹرمینل پر پہنچا دی گئیں ہیں جبکہ پاکستان اور بیرون ملک سے آنے والے یاتریوں کیلئے علیحدہ گیٹ بنایا گیا ہے۔
سکھ یاتریوں کا پہلا گروپ بارڈر ٹرمینل پہنچا تو پُرامن ماحول میں امیگریشن کا عمل مکمل کرکے گوردوارہ دربار صاحب پہنچ گیا۔
دوسری جانب بین الاقوامی سکھ جتھے اور سنگتیں بھی کرتارپور پہنچنا شروع ہوگئے ہیں ، پاکستان کی جانب سے انتظامات پر سکھ یاتریوں نے اظہار اطمینان کیا ، بیرون ممالک، اندرون ملک اور بھارت سے 8 سے 10 ہزار یاتریوں کی آمد متوقع ہے جبکہ زیروپوائنٹ سے آج 575سکھ یاتری کرتارپور پہنچیں گے۔
خیال رہے وزیراعظم کے اعلان کے مطابق سکھ یاتریوں کو پاسپورٹ اور 20 ڈالرفیس کی ادائیگی سے استثنیٰ حاصل ہے، وزیراعظم عمران خان کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے ، تاریخ میں پہلی باربھارتی سکھ یاتری بغیرویزاپاکستان آرہےہیں۔