فیصل آباد: پاکستان کپ میں سندھ نے بارش سے متاثرہ میچ میں بلوچستان کو باآسانی بیالیس رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کردیا،سندھ کی جانب سے خرم منظور اور سمیع اسلم نے سینچریاں بنائیں۔
پاکستان کپ میں سندھ کی ٹیم نے خرم منظور اور سمیع اسلم کی سینچریوں کی بدولت بلوچستان کو زیر کرکے دھماکہ خیز آغاز کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنرز نے کپتان کا فیصلہ درست ثابت کرتے ہوئے ایک سو اڑتالیس رنز کی نہ صرف شراکت قائم کی بلکہ دونوں نے سینچریاں بھی جڑ دیں۔
پینتالیس اوورز کے کھیل کے بعد بارش کے باعث میچ کو اکتیس اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا، جس کے باعث بلوچستان کو اکتیس اوورز میں دو سو انتیس رنز کا ہدف ملا۔
ہدف کے تعقب میں بلوچستان کے بیٹنسمین سندھ کے بولرز کے آگے جم کر نہ کھیل سکے اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے، صرف کپتان اظہر علی ڈٹے رہے اور سینچری بھی اسکور کی لیکن ان کی سینچری بلوچستان کو فاتح نہ بناسکی، جو مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹ پر ایک سو چھیاسی رنز ہی بناسکی، خرم منظور کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔