کراچی: فصلوں کے دشمن ٹڈی دل کے حملے نہ رکے، مدد نہ کرنے پر سندھ حکومت نے وفاق سے احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ سمیت ملک بھر میں ٹڈی دل کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، ٹڈیوں سے نجات کے لیے چین بھی پاکستان کی مدد کررہا ہے لیکن اس کے باوجود ٹڈی دل بے قابو ہے۔
وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل بھارت اور ایران سے بلوچستان اور اب سندھ میں داخل ہوچکا ہے، ٹڈی دل کرونا سے زیادہ خطرناک ثابت ہوگی، وفاق کو ایک سال سے خطرے سے آگاہ کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کورونا کے بعد ٹڈی دل کو ملک کا اہم مسئلہ قرار دیدیا
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی 60 فیصد دیہی آبادی کا انحصار زراعت پر ہے۔
خیال رہے کہ 17 اپریل کو وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا تھا۔ اس موقع پر عمران خان نے کروناوائرس کے بعد ٹڈی دل کو ملک کا اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ ٹڈی دل پر قابو پانے اور خاتمے کیلئے مکمل تیاری کی جائے، اس حوالے سے ہر قسم کی رکاؤٹ اور مشکلات کو فوری دور کیا جائے۔
انہوں نے حکم دیا کہ ٹڈی دل کےخاتمے کے حوالے سے ملک میں پہلے ہی ایمرجنسی ہے اور اب مزید اقدامات کیے جائیں تاکہ فصلوں کے دشمن کے حملوں کو روکا جاسکے۔