کراچی : لاہور سے کراچی آنے والی جعلی ادویات کی کھیپ پکڑی گئی ، جعلی ادویات میں جان بچانے والے اینٹی بائیوٹک دوا کے انجکشن بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ڈرگ انسپکٹرز نے لاہور سے آنے والی جعلی ادویات کی کھیپ پکڑلی۔
جعلی ادویات کی کھیپ کارگو سروس صدر کے دفتر سے پکڑی گئی، اس دوران ملزم سکندر کو جعلی ادویات وصول کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
جعلی ادویات میں جان بچانے والے اینٹی بائیوٹک دوا کے انجکشن بھی شامل ہیں، انجکشن شدید بیمار افراد اور ایکس ڈی آر ٹائیفائیڈ کے علاج کیلئے دیئے جاتے ہیں۔
ڈرگ انسپکٹر سندھ نے بتایا کہ اینٹی بائیوٹک دوا کے ایک انجکشن کی قیمت چار ہزار روپے ہے۔
گرفتار ملزم سکندر نے بتایا کہ جعلی ادویات کی فیکٹری اور پرنٹنگ پریس لاہور میں کام کر رہا ہے۔
ڈرگ انسپکٹرز کا کہنا تھا کہ ملزم کو قانونی کارروائی کیلئے تھانہ بریگیڈ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
یاد گذشتہ روز ڈریپ کی نیشنل ٹاسک فورس کی جانب سے کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں دوا ساز فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا تھا۔
چھاپے کے دوران جعلی اور غیر قانونی طور پر تیارکردہ نیوٹراسوٹیکل ادویات کی بھاری مقدار برآمد کرلی گئی تھی۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر عاصم روف نے بتایا تھا کہ فیکٹری میں پیراسیٹامول کے مشابہ دوا کی تیاری جاری تھی، خدشہ ہے فیکٹری پیراسیٹامول کی قلت کی آڑ میں جعلی پیراسیٹامول تیار کر رہی تھی۔