صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت فروری میں گرین لائن بس سروس کے آپریشنز سنبھالنے کیلئے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں گرین لائن بس سروس کا انتظام سندھ حکومت کو منتقل کرنے کیلئےرسمی کارروائیاں مکمل کرنے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں اورنج لائن بس سروس کے آپریشنز بھی سندھ حکومت کے حوالے کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو منصوبے کے معاہدے میں اصلاحات کیلئے قانونی پہلوؤں پر غور کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گرین لائن منصوبہ جنوری میں حکومت سندھ کو سونپا جانا تھا سندھ حکومت فروری میں گرین لائن بس سروس کے آپریشنز سنبھالنے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ شکایتیں تھیں کہ وفاقی حکومت نے گرین لائن میں مہنگے کانٹریکٹس کئے ہیں حوالگی کے بعد حکومت سندھ اس پر دوبارہ غور کرے گی، گرین لائن منصوبہ کراچی کے مسافروں کے لیے ایک اہم سہولت ہے ہماری ترجیح عوام کو ایک قابل اعتماد اور آرام دہ پبلک ٹرانسپورٹ نظام فراہم کرنا ہے۔