کراچی میں بڑھتے ٹریفک حادثات میں شہریوں کی اموات پر گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا جس میں جان لیوا واقعات کی روک تھام کے لیے نوٹس لینےکی اپیل کی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں ڈمپر اور ٹینکرز کے حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ انتہائی تشویشناک ہے، 24 مارچ کو ملیرہالٹ میں دلخراش واقعہ پیش آیا اس حادثے میں والدین اور ان کا نوزائیدہ بچہ جاں بحق ہوئے۔
گورنر نے جان لیوا حادثات کا باعث بننے والی انتظامی کوتاہیوں کا نوٹس لینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل اموات، انتظامی اقدام نہ ہونے پر سپریم کورٹ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے، عدالت متعلقہ حکام کو معاملہ حل کرنے کیلئے فوری اور فیصلہ کنُ کارروائی کے احکامات دے۔
گورنر نے کہا کہ کراچی کے عوام اب عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں سپریم کورٹ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے، عدالت حادثات کا باعث بننے والے مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کے احکامات دے توقع ہے کہ سپریم کورٹ اس اہم مسئلے کا فوری نوٹس لےگی اور سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کارروائی شروع کرے گی، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کیےجائیں۔