کراچی : سندھ حکومت نے گاڑیوں کیلئے نئی نمبر پلیٹس متعارف کرادیں، نئی نمبرپلیٹس سےگاڑیوں کی ٹریکنگ اور ڈیٹا حاصل کرنا آسان ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے گاڑیوں کی سیکیورٹی فیچرز نمبرپلیٹس متعارف کرادیں، ڈی جی ایکسائز شعیب صدیقی نے کہا کہ گاڑیوں کی نئی نمبرپلیٹس این آرٹی سی کےتعاون سے بنائی جائیں گی، نئی نمبرپلیٹس سےگاڑیوں کی ٹریکنگ اور ڈیٹا حاصل کرنا آسان ہوگا۔
ڈی جی ایکسائز کا کہنا تھا کہ یہ نمبرپلیٹس کیمرہ ریڈایبل ہوں گی اور 5سیکیورٹی فیچرزہوں گے جبکہ ان میں آر آئی ایف ڈی یعنی ٹریکنگ چپ موجودہوں گی۔
شعیب صدیقی نے کہا نمبرپلیٹس میں لیزر سیریل نمبر اور سندھ حکومت کا مونو گرام موجود ہوگا اور ہر پلیٹ کا لیزر انٹیگریٹڈ مارک، پلیٹس پرگرافکس موجودہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نومبرسے سیکیورٹی فیچرز نمبر پلیٹس کا اجرا شروع ہوجائے گا، پہلے مرحلےمیں نئی رجسٹرڈ گاڑیوں کو نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی اور دوسرے مرحلے میں ٹرانسفرکیلئے لائی گئی گاڑیوں کو جاری ہوگی۔
ڈی جی ایکسائز نے کہا تیسرے مرحلے میں لوگ رضاکارانہ نمبر پلیٹس کے حصول کیلئے آسکتے ہیں، یہ نمبرپلیٹس پنجاب اور بلوچستان میں متعارف ہوچکی ہیں۔
یاد رہے سندھ کابینہ کے اجلاس میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کی سیکیورٹی فیوچرڈنمبر پلیٹس پر بریفنگ میں بتایا گیا تھا کہ نمبر پلیٹس پر ریٹروریفلیکٹو ورق استعمال کیا جائے گا، 30 جون 2020تک 6 ریجن میں 72 لاکھ 60 ہزار 605 گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جن میں 5 لاکھ 71 ہزار 13 موٹرسائیکلز اور 15 لاکھ 59 ہزار 432 نان کمرشل گاڑیاں شامل ہیں۔
سندھ کابینہ نےنئےسکیورٹی فیوچرز نمبرپلیٹس متعارف کرانے کی منظوری دے دی ، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا نمبر پلیٹس کی قیمت کم سے کم ہونی چاہئے تاکہ کسٹمر پر زیادہ بوجھ نہ پڑے۔
کابینہ میں فیصلہ کیا کہ نئی نمبر پلیٹس نومبر تک متعارف ہونی چاہییں، اس حوالے سے نمبر پلیٹس کی مینوفیکچرنگ کا کانٹریکٹ کرنے کی منظوری دے دی گئی، پرائیوٹ گاڑی کی نمبرپلیٹ کا بنیادی رنگ سفید اور سرکاری گاڑی کے نمبر پلیٹ کا بنیادی رنگ ہرا ہوگا۔