کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ نے اپیکس کمیٹی کی سفارشات پر مزید 10 مقدمات فوجی عدالتوں کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندہ کراچی ارباب چانڈیو کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے وصول کردہ اس سمری پر دستخط کردیے ہیں جس میں مزید دس مقدمات فوجی عدالتوں کو بھیجنے کی سفارش کی گئی تھی۔
رپورٹر کے مطابق یہ فیصلہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا بعدازاں کمیٹی کی سفارش پر محمکہ داخلہ سندھ یہ سمری ارسال کرکے وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کی تھی جسے وزیراعلیٰ نے منظور کرلیا۔
رپورٹر کے مطابق ان دس مقدمات میں امجد صابری قتل کیس، ایئرپورٹ حملہ کیس اور دیگر شامل ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ایک خط وفاق کو بھی بھیج دیا جائے گا جس کے بعد مقدمے فوجی عدالت کو منتقل ہوجائیں گے۔