پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

شدید سردی، اسکولوں کو چھٹیاں دینے پر غور، پی ٹی آئی کی قرار داد جمع

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ حکومت نے سردی کے پیش نظر اسکولوں کو چھٹیاں دینے پر غور شروع کردیا، پی ٹی آئی نے ایک ہفتے کی چھٹی کے لیے سندھ اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی۔

اطلاعات کے مطابق سردی کی شدت اور عوام کی جانب سے مطالبے سامنے آنے کے بعد سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں چھٹیاں دوبارہ دینے پر غور شروع کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے ارباب چانڈیو نے بتایا کہ سردیوں میں اضافے کے اور عوامی مطالبے کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ نے بچوں کے اسکولوں کی چھٹیاں سردیوں میں ہی دیے جانے سے متعلق محکمہ تعلیم سے سفارشات طلب کرلی ہیں تاکہ سردیوں کی چھٹیاں سردیوں میں ہوں یا کوئی نئی تاریخ مقر کردی جائے تاکہ بچوں کی تکلیف میں کمی آسکے۔

اینکر پرسن کے ایک سوال پر انہوں ںے بتایا کہ عوامی حکومت نے بچوں کو چھٹیاں دینے پر غور شروع کردیا ہے۔

سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کی قرار داد جمع

دریں اثنا اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی خرم شیر زماں نے کہا کہ سردی بہت ہے ، بچے اسکول نہیں جاسکتے وہ بیمار ہورہے ہیں، سردیوں کی وجہ سے پریشان ہیں اور اسکول میں حاضری بھی کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سے کئی بچوں اور والدین نے یہ معاملہ اسمبلی میں اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے کہ چھٹیاں دی جائیں، مجھے بچوں نے ایس ایم ایس کیے ہیں کہ خرم انکل ہم سے صبح اٹھا نہیں جاتا، چھٹیاں دلائی جائیں۔

خرم شیر زماں نے کہا کہ سندھ حکومت کسی حادثے کا انتظار نہ کرے اور فوری طور پر ایک ہفتے کی چھٹیاں دے، میں نے ایک تحریری درخواست وزیر تعلیم سندھ کو ارسال کردی ہے اور ایک قرار داد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی ہے۔

اسی ضمن میں سردیوں کی چھٹیاں سردیوں میں دینے کے لیے والدین کے مطالبوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور عوامی حلقے بچوں کے اسکولوں کی چھٹیوں کا مطالبہ کررہے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ تمام صوبوں کے اسکولوں میں بچوں کی حاضری انتہائی کم ہوگئی ہے جب کہ جانے والے بچوں کے بیمار ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

والدین کا کہنا ہے کہ سردی بہت ہے، سردی کے حساب سے چھٹیاں آگے بڑھا دی جائیں۔

پنجاب میں شدید سردی، وزیرتعلیم کا بیان دینے سے گریز

لاہور میں سردی کی شدید لہر کے باوجود بچے ٹھٹھرتے ہوئے اسکول جانے پر مجبو رہیں، اے آر وائی نیوزلاہور کے نمائندے نے وزیرتعلیم رانا مشہود سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی۔

ان کے پی اے سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ وہ اجلاس میں ہیں، بعد میں ان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے وزیر تعلیم کے مصروف ہونے کا عذر پیش کیا۔

پنجاب میں سردی کی شدت پانچ ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے ہے، والدین کا کہنا ہے کہ ہمارا دفتر جانا اور کام کاج کرنا مشکل ہے ایسی سردی میں بچوں کو اسکول بھیجنا ان پر ظلم کے مترادف ہے، بچوں کے بیمار ہونے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں