کراچی: سندھ میں کرونا وائرس کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر صوبائی حکومت کے اقدامات میں تیزی آ گئی، حکومت سندھ نے 10 ہزار بیڈز پر مشتمل آئسولیشن سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ہمیں تیاری مکمل کرنی ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے حیدر آباد میں 300 بیڈز پر مشتمل آئسولیشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
آج وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مزید آئسولیشن سینٹرز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، حیدر آباد میں تین سو بیڈز پر مشتمل آئسولیشن سینٹر کے علاوہ ٹنڈو محمد خان میں نئے تعمیر شدہ اسکول میں بھی 50 بیڈ کا آئسولیشن سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سندھ میں کرونا وائرس کو شکست دینے سے متعلق اچھی خبریں سامنے آنے لگی
ٹنڈوالہٰ یار اسپتال کی عمارت میں بھی آئسولیشن سینٹر قائم کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان آئسولیشن سینٹرز میں صرف کرونا وائرس کے مریض ہوں گے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ سندھ نے ماہرین کے مشورے پر تمام اجلاسوں میں ماسک پہننے کی ہدایت بھی کر دی ہے، انھوں نے اجلاس میں خود بھی ماسک پہنا اور دیگر شرکا کو بھی پہنایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ میں مزید 209 کرونا کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد کرونا مریضوں کی تعداد 2217 ہو گئی، مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جس سے صوبے میں کرونا سے اموات کی تعداد 47 ہو گئی، سندھ میں اموات کی شرح 2.1 فی صد ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 2372 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 209 مثبت آئے، سندھ میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 581 ہو گئی ہے۔