کراچی : نگراں وزیر صحت سندھ کی ہدایت پر ایم ڈی کیٹ 2023 پیپرز لیک کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر صحت سندھ کی ہدایت پر ایم ڈی کیٹ 2023 پیپرز لیک انکوائری میں پیشرفت سامنے آئی۔
ایم ڈی کیٹ 2023 پیپرز لیک انکوائری کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نگراں وزیرصحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ 2023پیپرز کی لیکیج کا معاملہ پرنٹ والیکٹرانک اورسوشل میڈیاپرمنظرعام پرآیا۔
نگراں وزیرصحت سندھ کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کیٹ 2023 پیپرز لیک تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی ہے، اسپیشل سیکریٹری صحت سندھ کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں رجسٹرار آئی بی اے ، ڈپٹی سیکریٹری ایس جی اے اینڈ سی ڈی اور ڈائریکٹرایف آئی اے سائبر کرائم شامل ہیں۔
کمیٹی میں ایڈیشنل سیکریٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹیز ڈیپارٹمنٹ اور ڈپٹی سیکریٹری ٹیک و دیگر بھی شامل ہیں۔
ڈاکٹرسعدخالدنیاز نے کہا کہ انکوائری کمیٹی نے آج سے اپنی تحقیقات کاآغازکردیا ہے، انکوائری کا عمل جلد مکمل کرکے حقائق سامنے رکھیں گے، میرٹ کا قتل کرنے کی اجازت کسی کونہیں دی جاسکتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپرز لیک میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں گے۔