اسلام آباد: سندھ ہاؤس پر حملے کے لیے 2 پی ٹی آئی ایم این ایز کے نام بھی ایف آئی آر میں شامل کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 2 ایم این ایز کے نام بھی سندھ ہاؤس پر حملے کے لیے ایف آئی آر میں شامل کیے گئے ہیں، یہ نام کراچی سے پی ٹی آئی کے ایم این اے فہیم خان اور عطا اللہ نیازی کے ہیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق دونوں ایم این ایز کو شامل تفتیش کر لیا گیا، سندھ ہاؤس میں حملے کی تمام فوٹیج میں ایم این ایز واضح نظر آ رہے ہیں، حملے میں ملوث بیش تر کارکنان ان دونوں ایم این ایز کی گاڑیوں میں آئے۔
چوں کہ ایک واقعے کی 2 ایف آئی آرز نہیں ہو سکتی اس لیے پولیس نے ضمنی ایف آئی آرز میں دونوں ایم این ایز کے نام شامل کیے۔
سندھ ہاؤس حملہ: عدالت کا آئی جی اسلام آباد کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم
واضح رہے کہ جمعے کو سندھ ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کا مظاہرہ جاری تھا کہ اس دوران مشتعل کارکن گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے اور نعرے بازی کرتے رہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے سندھ ہاؤس حملے سے متعلق سپریم کورٹ بار کی درخواست پر آئی جی اسلام آباد کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھی کارکنان کو ہدایت جاری کی ہے کہ سندھ ہاؤس جیسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے اور عدالتی حکم پر سختی سے عمل کیا جائے۔