کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کووڈ ٹاسک فورس کے اجلاس میں اہم فیصلے کرتے ہوئے صوبے میں ان ڈور ڈائننگ، تفریحی مقامات اور اسکول دوبارہ بند کرنے کا فیصلے کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کووڈ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں نئے کیسز کی شرح 7.4 فیصد ہوگئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 5 فیصد سے کووڈ کیسز بڑھے تو یہ خطرناک صورتحال ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کل 16 ہزار 262 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 12 سو 1 مثبت نکلے، اس وقت 837 مریض اسپتالوں میں ہیں۔
سیکریٹری صحت کاظم جتوئی نے بتایا کہ اب زیادہ تر مریض سرکاری اسپتالوں میں ہیں، کل 13 جولائی کو کراچی میں نئے کیسز کی شرح 17.11 فیصد تھی، کراچی شرقی میں 21 فیصد، کراچی جنوبی میں 15 فیصد، کراچی وسطی میں 12 فیصد اور کورنگی میں 8 فیصد کیسز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک ویکسین کے 58 لاکھ 70 ہزار 991 خوراکیں موصول ہوئیں، ابھی تک 44 لاکھ 65 ہزار908 خوراکیں استعمال ہوچکی ہیں۔ سندھ میں 12 جولائی تک مختلف قسم کے 356 کیسز ظاہر ہوئے۔
اجلاس میں ان ڈور ڈائننگ دوبارہ سے کل رات سے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، صوبے بھر میں پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت تک اسکو، تمام پارکس، واٹر پارکس، سی ویو، ہاکس بے اور کینجھر جھیل بھی جمعے سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میٹرک اور اس سے اوپر کے تعلیمی ادارے امتحانات کے بعد بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سینما، ان ڈور جم اور انڈور کھیل بھی بند کردیے جائیں گے۔