کراچی: سندھ پولیس نے تین شہروں میں وارداتوں کی سنچری کرنے والے 3 کارندوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان کو کورنگی صنعتی ایریا سے گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے 3 شہروں میں وارداتوں کی سنچری کرنے والے گروہ کے 3 کارندے گرفتار کرلیے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔
ایس ایس پی کورنگی علی رضا نے کہا کہ ملزمان اب تک 101 وارداتیں کرچکے ہیں، 15 رکنی گروہ ملتان، بہاولپور میں بھی ڈکیتیوں میں ملوث ہے، ملزمان ہر شہر میں 25 وارداتیں کرکے نئے شہر کا رخ کرلیتے تھے۔
ایس ایس پی کورنگی علی رضا کے مطابق ملزمان سے تین دستی بم، تین پستول، نقدی برآمد کرلی گئی ہے، ملزمان ڈکیتیاں، اسٹریٹ کرائم اور بیرون ملک سے آنے والوں کو لوٹتے تھے۔
مزید پڑھیں: کراچی، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کے الیکٹرک کا ایسوسی ایٹ انجینئر گرفتار
واضح رہے کہ گزشتہ روز گلشن اقبال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کے الیکٹرک کے ایسوسی ایٹ انجینئر جاوید عرف وصی کو گرفتار کیا تھا، ملزم کے قبضے سے پستول اور بغیر نمبر پلیٹ کی موٹرسائیکل برآمد کی گئی تھی۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ملزم ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر علی چکنا کا قریبی ساتھی ہے، زوہیب پٹھان، علی رضا عرف رضا ٹی ٹی، شان حیدر پولیس والا، کاکا بندہ ملزم کی ٹیم میں شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے ٹارگٹ کلر علی رضا کے کہنے پر 2 کارکنان کی مکمل ریکی کی، ملزم کی ریکی مکمل ہونے کے بعد دونوں کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔