لاہور : سندھ پولیس دعا زہرا کو لینے کے لیے لاہور پہنچ گئی اور عدالت سے دعا زہرا کو کراچی منتقل کرنے کی اجازت مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں دعا زہرا کو دارالامان سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو منتقل کرنے کے معاملے پر جوڈیشل مجسٹریٹ رضوان احمد کی عدالت میں مہدی کاظمی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
وکیل فہد صدیقی نے بتایا کہ دعا زہرا کمسن بچی ہے، قانون کے مطابق دارالامان میں نہیں رہ سکتی، سندھ ہائیکورٹ فیصلے کی روشنی میں دعا کو کراچی چائلد پروٹیکشن بیوو منتقل کیا جائے۔
سندھ پولیس بھی دعا زہرا کولینے کے لیے عدالت پہنچ گئی، پولیس نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ حکم پر دعا زہرہ کو کراچی منتقلی کی اجازت دی جائے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نےسندھ پولیس کی درخواست مارکنگ کیلئے سیشن جج لاہورکو بھجوا دی۔
مزید پڑھیں : دعا زہرا بازیابی کیس: عدالت کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا
گذشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرا کو شیلٹر ہوم کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ دعا زہرا کو کراچی منتقل کرنے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ کیس کراچی کی ٹرائل کورٹ میں زیر التوا ہے، دعا زہرا کیس کا مرکزی کردار ہے اسکی کراچی میں موجودگی ضروری ہے۔
عدالت نے اپنی آبزرویشن میں کہا تھا کہ بظاہردعازہرا اپنے شوہرکے ساتھ بھی ناخوش ہےاور ساتھ رہنا نہیں چاہتی جبکہ دعازہرا والدین سے بھی خوفزدہ ہے اسلیے شیلٹرہوم میں رہنا مناسب ہے۔
سندھ ہائی کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ دعازہرا کےاغوا سےمتعلق ٹرائل کورٹ ہی حتمی فیصلہ کرے گی۔