کراچی: پاکستان اور وردی کی محبت سے سرشار سندھ پولیس کے اے ایس آئی (اسسٹنٹ سب انسپیکٹر) کی پولیس یونی فارم میں تدفین کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس میں بطور اے ایس آئی اپنے فرائض انجام دینے والے ’ذوالفقار گل‘ نے اپنے انتقال سے پہلے وصیت کی تھی کہ انہیں کفن کی جگہ پولیس کی وردی میں دفنایا جائے۔
کورنگی تھانے میں تعینات اور چوکی انچارج کے امور انجام دینے والے ذوالفقار گل عارضہ قلب میں مبتلا تھے، انہوں نے اپنے انتقال سے قبل اہل خانہ کو تحریری وصیت کی تھی۔
کراچی آپریشن میں حصہ لینے والے اے ایس آئی کا تعلق عیسائی مذہب سے تھا، اُن کی تدفین وصیت کے مطابق ذاتی مقام پر مسیح مذہبی رسومات کے تحت کی گئی۔ اہل خانہ نے وصیت پر من وعن عمل کرتے ہوئے تدفین سے قبل مرحوم کی یادگار تصویر بھی بنائی۔
اہل خانہ کے مطابق ذوالفقار گل نے مرنے سے قبل اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ پولیس وردی میں ہی دنیا سے رخصت ہونا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان بھر میں امن قائم کرنے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس اہلکار ہمہ وقت تیار رہتے ہیں اور اُن میں سے بعض دورانِ ڈیوٹی دنیائے فانی سے رخصت بھی ہوجاتے ہیں۔