تازہ ترین

بیٹی کو پائلٹ بنانے والے پولیس اہلکارکے لیے آئی جی سندھ کی جانب سے نقد انعام

کراچی: آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ایس او ٹریفک سیکشن عبداللہ شاہ غازی محمد شاکر کو اولاد کی بہترین تعلیم و تربیت اور اسے معاشرے میں اعلیٰ مقام دلانے کی خاطر کی جانے والی تمام تر محنت اور کاوشوں پر شاباش دیتے ہوئے ایک لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ ایس او کی دخترناشرہ شاکر پاکستان ایئرفورس پی اے جی 144 جی ڈی پائلٹ کے کورس میں زیرتربیت ہے اوریہ نا صرف پاکستان پولیس/سندھ پولیس کی تاریخ کی بلکہ سندھ کی سطح پربھی پہلی قابل اور باصلاحیت بچی ہے کہ جوپاکستان ایئر فورس کے جملہ امتحانی مراحل میں کامیاب ہونے کے بعد جی ڈی پائلٹ کی تربیت حاصل کررہی ہے ۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت سے ایک گھرانہ ہی نہیں بلکہ پوری ایک نسل ترقی کی راہوں پر گامزن ہوجاتی ہے اور آگے چل کریہی بچے ناصرف اپنے خاندان،رشتہ داروں کی بہترین کفالت کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ ملک کو معاشی/اقتصادی ترقی وخوشحالی کی راہوں پر گامزن رکھنے کا سبب بھی بنتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پولیس اپنے بچوں کو بہتر تعلیم وتربیت کی فراہمی کے عمل کو ہرگز تعطل کی زد میں نہ آنے دیں اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کا بچہ ذہین اور غیرمعمولی صلاحیتوں کا حامل ہے توپھرآپ اس کی تعلیم کے حوالے سے کسی بھی قسم کی پریشانی کو اپنے آپ پرحاوی ہونے نہ دیں، محکمہ پولیس سندھ آپ کی ہرممکن مدد اورتعاون میں پیش پیش ہے ۔

ڈاکٹر کلیم امام کا کہنا ہے کہ خاتون جی ڈی پائلٹ ناشرہ شاکر کی جستجو لگن اورتعلیم سے اس کی محبت اوراس کے والد محمدشاکرکے عزم اور حوصلے کو اپنے اور اپنے بچوں کے لیئے مشعل راہ بنائیں اوربچوں کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنے کے لیے انھیں تعلیم جیسے زیور سے آراستہ کرناایک فریضہ سمجھ کر انجام دیں۔

Comments

- Advertisement -