لاہور : پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف گلوکارہ نصیبو لال اور ان کے شوہر نوید کے درمیان ہونے والی لڑائی کا ڈراپ سین ہوگیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گلوکارہ نصیبو لال کی جانب سے شوہر کے خلاف تشدد کے مقدمے کا معاملہ صلح نامے کے بعد ختم ہوگیا۔
اس حوالے سے گلوکارہ کے بھائی شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ نصیبو لال اور ان کے درمیان صلح ہوچکی ہے، جس کے بعد ان کی بہن کی جانب سے مقدمہ خارج کرنے کے لیے درخواست دے دی گئی ہے۔
نصیبو لال کے بھائی شاہد کا کہنا تھا کہ ان کی بہن اور بہنوئی کے درمیان اکثر اوقات جھگڑے ہوتے رہتے تھے لیکن اس بار معاملہ کچھ زیادہ شدت اختیار کر گیا تھا تاہم اب یہ مسئلہ باہمی رضامندی سے حل کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ لاہور کے شازیہ ٹاؤن میں رہائش پذیر نصیبو لال کو ان کے شوہر نوید نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کردیا ہے۔
گلوکارہ نے اپنے بیان میں کہا کہ میں گھر میں تھی شوہر نوید نے آتے ہی تشدد کیا اور اینٹ ماری، اینٹ گلوکارہ کے چہرے پر لگی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں۔
ایف آئی آر کے مطابق گلوکارہ کے شوہر نوید نے اینٹ سے مارنے کے بعد انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی، پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ درج کرلیا تھا تاہم اب اسے واپس لینے کیلیے درخواست دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں نصیبو لال کے شوہر کو پولیس نے فائرنگ سے ایک شخص کو زخمی کرنے کے کیس میں گرفتار کرلیا تھا۔