کراچی: کے پی سی نے دنیائے کرکٹ میں احترام کی نظروں سے دیکھے جانے والے سابق کرکٹر سر ویوین رچرڈز کو تا حیات اعزازی ممبر شپ دے دی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب نے ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈ کھلاڑی سر ویوین رچرڈز کو کلب کی تاحیات اعزازی ممبر شپ دی ہے، ویوین رچرڈز کو پاکستان میں کرکٹ بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کے اعتراف میں ممبر شپ دی گئی۔
اس سلسلے میں پریس کلب کے سیکریٹری اور صدر نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ویوین رچرڈز سے ملاقات کی، اور انھیں ممبر شپ کے ساتھ کلب کا نشان پیش کیا گیا۔ ملاقات میں بات کرتے ہوئے سر ویوین رچرڈز نے کراچی پریس کلب کے عہدے داران کا شکریہ ادا کیا، اور ممبر شپ کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی پریس کلب کا جلد دورہ کریں گے۔
سابق ویسٹ انڈین کرکٹر کو سندھ کی ثقافتی علامت اجرک بھی پیش کی گئی۔ پریس کلب کے سیکریٹری ارمان صابر کا کہنا تھا کہ ویون رچرڈز کی جانب سے پریس کلب کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، انھیں کرکٹ کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں مبمر شپ دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ سر ویوین رچرڈز پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے ہیڈ کوچ ہیں، اور ان دنوں پی ایس ایل 5 سیزن کے سلسلے میں پاکستان آئے ہوئے ہیں۔