بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

کراچی کے انفرااسٹریکچر کی مرمت پاک فوج کی نگرانی میں کروائی جائے، تاجر رہنما کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: بزنس مین گروپ کے چیئرمین اور سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سراج قاسم تیلی نے شہر قائد کے تباہ حال انفرااسٹریکچر کی تعمیر و مرمت پاک فوج کی نگرانی میں کروانے کا مطالبہ کردیا۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق سراج قاسم تیلی کا کہنا تھا کہ ’اب وقت آگیا کہ فوج کی نگرانی میں کراچی کے تباہ حال انفرااسٹرکچرکو بہتر بنایاجائے کیونکہ صوبائی محکمے اور مقامی انتظامیہ بدترین صورتحال سے نمٹنے کی اہلیت نہیں رکھتے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی ویب سائٹ پر اس حق میں ووٹ کریں کہ شہر کا انتظام پاک فوج اور اُس کے ذیلی اداروں کو پانچ سال کے لیے دیا جائے تاکہ بدترین صورت حال پر قابو پایا جاسکے۔

سراج قاسم تیلی کا کہنا تھا کہ ’ہم نے گزشتہ دنوں مطالبہ کیا تھا کہ کراچی کے تباہ حال انفراسٹرکچر کی بہتری اور ترقی کے کام کو پاک فوج کی زیر نگرانی 5سال کے لیے فوری طور پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے حوالے کیا جائے کیونکہ ہمیں پختہ یقین ہے کہ اُن کے علاوہ بدترین صورتحال سے نمٹنے کی اہلیت اور سکت کوئی بھی نہیں رکھتا‘۔

بزنس مین گروپ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’کراچی کے بنیادی ڈھانچے بشمول سڑکیں، بارش کے پانی کی نکاسی کے نظام، سیوریج لائنیں، پانی کی تقسیم، صفائی و ستھرائی اور دیگر شہری سہولیات کو صرف این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او کی خدمات حاصل کرکے ہی بہتر بنایا جاسکتا ہے، اس مطالبے کی حمایت صنعتی برادری اور مقامی شہریوں نے بھی کی ہے کیونکہ اس وقت ہر کوئی بدترین حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے‘۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے کراچی میں نالوں کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے این ڈی ایم اے کو3ماہ کا وقت دے دیا

اُن کا کہنا تھا کہ ’اب وقت آگیا ہے کہ فوج کی نگرانی میں کراچی کے تباہ حال انفرااسٹرکچرکو اولین ترجیح پر بہتر بنانا ہوگا بصورت دیگر صورتحال بدستور خراب ہوتی رہے گی جس کی وجہ سے کراچی میں رہنا اور یہاں کاروبار کرنا نا ممکن ہوجائے گا‘۔

سراج قاسم تیلی نے اعلان کیا کہ ’اس ضمن میں ہم نے کے سی سی آئی کی ویب سائٹ پر ایک فارم جاری کیا ہے، جو شہری اس بیان کی حمایت کررہے ہیں وہ اپنا نام اور رابطہ نمبر درج کر کے ووٹ کریں، اب وقت ہے کہ تاجر ، صنعت کار اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری کراچی کے وسیع تر مفاد کا سوچتے ہوئے آگے بڑھیں اور اس مقصد کی حمایت کے لیے کھڑے ہوجائیں‘۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے کہ اہل کراچی ہمارے مطالبہ کی حمایت کریں گے کیونکہ ہر شہری کی خواہش ہے کہ محب وطن مسلح افواج کراچی کو بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور شہر کے انتظامات کو این ڈی ایم اے یا ایف ڈبلیو او کے سپرد کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: میرے مستعفی ہونے سے کیا کراچی کے مسائل حل ہوجائیں گے؟ میئر کراچی

سراج تیلی نے بدھ کے روز سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہونے والی سماعت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے تمام نالوں کی صفائی کا کام این ڈی ایم اے کو دینے کے احکامات پر محترم چیف جسٹس آف پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی والوں کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی کے انفراسٹریکچر کی ترقی کا کام بھی این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او کو دیا جائے گا۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں