کراچی : جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت اگر کشمیر میں ظلم ڈھا رہا ہے تو برطانیہ بھی اس جرم میں برابر کا شریک ہے، نئے آرمی چیف کی ضابطے کے ساتھ تقرری خوش آئند ہے، جنرل راحیل شریف سلیقے کے ساتھ رخصت ہوگئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مزار قائد کے سامنے باغ جناح میں جماعت اسلامی سندھ کے دو روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
دو روزہ کنوشن میں سندھ بھر سے جماعت اسلامی کے کارکنان اور ذمہ داران نے شرکت کی۔ کنونشن کامقصد جماعت اسلامی کی عوامی رابطہ مہم کو موثربنانا ہے۔
سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ قائد اعظم کی رحلت کے بعد نااہل لوگوں نے حکومت پر قبضہ جمالیا۔ ان کا کہناتھا کہ ہم نفرت کے ماحول میں محبت پھیلا رہے ہیں، ہمارا جہاد ظلم، کرپشن کے خلاف ہے، ہماری لڑائی ڈرگ مافیا کے خلاف ہے، ہم نئے عزم کے ساتھ قوم کی رہنمائی کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ جاری رکھے ہوئے ہے، مودی نے کوئی مہم جوئی کی تو ہم بھی چپ نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ قرض اتارو ملک سنوارو کے نام پر اربوں روپے بٹورے گئے وہ کہاں گئے؟