لاہور: امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بجٹ میں اسحا ق ڈار کا ڈرون حملہ ہونے والا ہے جس سے عوام کو بچانے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق لاہور میں پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر پنجاب (جنوبی) مخدوم احمد محمود سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کر رہے تھے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس باربھی بجٹ آئی ایم ایف کےنمائندے بنا رہے ہیں اس لیے عام آدمی یہ سوچنے پر مجبور ہو گیا ہے کہ بجٹ میں کوئی نہ کوئی ڈرون حملہ ہو گا اور آثار بھی یہی بتا رہے ہیں کہ اسحاق ڈار بجٹ میں ڈرون گرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، جہالت اورغربت سب موجودہ حکمرانوں کا تحفہ ہے اور کرپٹ اشرافیہ اور سرمایہ دار انتخابی اصلاحات نہیں چاہتا ہے کیوں اسی بوگس نظام کے ذریعے وہ کرسی اقتدار پر براجمان ہوتے ہیں۔
اس موقع پرصدرپیپلزپارٹی جنوبی پنجاب مخدوم احمدمحمود نے امیر جماعت جماعت اسلامی کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی قیادت کوملکی مسائل کیلئے مل بیٹھنا چاہیے اور ایک دوسرے پرالزام لگانا اورجج نہیں بننا چاہیے۔
دونوں رہنماؤں نے عوامی مسائل پر مشترکہ جدوجہد پر زور دیا اور بجٹ و انتخابی اصلاحات پر حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے حکمت عملی کی تیاری پر اتفاق کیا۔