تازہ ترین

امیر جماعت اسلامی نے پاناما کیس میں عدالتی سوالات کے جواب جمع کرا دیے

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پاناما کیس میں عدالتی سوالات کے جواب جمع کرا دیے۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے پاناما پیپرز میں شامل افراد کے خلاف تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کی استدعا کر دی ہے، اس سلسلے میں سراج الحق نے عدالتی سوالات کے جواب جمع کرائے۔

جماعت اسلامی نے کہا کہ جے آئی ٹی میں ایف آئی اے، نیب، ایف بی آر سمیت متعلقہ اداروں کے افسران شامل کیے جائیں، دنیا بھر میں پاناما پیپرز لیک ہونے کے بعد کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

عدالت کو جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ درخواست کو مرکزی پاناما کیس سے عدالتی آبزرویشن پر الگ کیا گیا تھا، جب کہ پاناما کیس میں دیگر درخواستیں صرف پبلک آفس ہولڈر کے خلاف کارروائی کے لیے تھیں، پاناما کیس ایف بی آر کا معاملہ ہونے کے حوالے سے سپریم کورٹ فیصلہ دے چکی۔

جمع کرائے گئے جواب میں جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر نے عدالت کو کہا تھا کہ حسن اور حسین نواز پاکستان میں مقیم نہیں ہیں، ہم نے نیب اور ایف آئی اے سے بھی رجوع کیا لیکن اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

جماعت اسلامی نے استدعا کی کہ پاناما پیپرز میں شامل افراد کے خلاف تحقیقات کے لیے کمیشن یا جے آئی ٹی تشکیل دی جائے، اس سے کسی متعلقہ ادارے کا کام متاثر نہیں ہوگا، اور نواز شریف کے ساتھ باقیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

Comments

- Advertisement -