جمعرات, مئی 8, 2025
اشتہار

جنوبی پنجاب کوعلیحدہ صوبے کی حیثیت دی جائے، سراج الحق

اشتہار

حیرت انگیز

شجاع آباد : جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ غربت ، جہالت ، مہنگائی ، بے روز گاری ، بدامنی اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل حکمرانوں کے پیدا کردہ ہیں جب کہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں مگر دولت کی غیر منصفانہ تقسیم اور حکمرانوں کی لوٹ مار نے ملک و قوم کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے۔

وہ شجاع آباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ وسائل کی غیر منصافہ تقسیم نے تمام مسائل کو جنم دیا ہے اور اس کی ذمہ دار حکمراں طبقہ ہے جس نے عوام کو کھوکھلے نعروں کے سوا کچھ نہیں دیا۔

سراج الحق نے کہا کہ مسلح دہشت گردی نے معاشی اور سیاسی دہشت گردی کی کوکھ سے جنم لیا ہے جہاں معاشی دہشت گردی ہوگی وہاں مسلح دہشت گردی کا ہونا لازمی امر ہے اس لیے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے معیشت اور سیاست میں شرافت، رواداری اور انصاف کو عام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے کرپٹ حکمرانوں ، بے رحم اشرافیہ ، ظالم جاگیرداروں اور لینڈ و شوگر مافیاکے خلاف جہاد کررہی ہے اور عوام کی ترجمانی کا مکمل حق ادا کر رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام قیام پاکستان کے بعد سے الگ صوبے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن یہاں سے منتخب ہونے والی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے حالانکہ جنوبی پنجاب کے مسائل کا واحد حل اسے ایک الگ صوبے کی حیثیت دینا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں