پشاور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں سے کالا قانون ایف سی آر کو ختم کرکے فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کیا جائے، مطالبات منظور نہ ہوئے تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے، باسٹھ تریسٹھ کی آئینی شقیں نکالنے پر بھی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام اپنے حق کے لیے قربانی اور جنگ کے لیے تیار رہیں۔
امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے لانگ مارچ کا اعلان کردیا
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ تک قبائلی اصلاحات پرعمل نہ ہوا تو اسلام آباد تک لانگ مارچ ہوگا، قبائلی عوام ایک گھنٹہ بھی ایف سی آر قبول کرنے کو تیار نہیں، جب تک ایف سی آر کو دفن نہ کردیں ہم اسلام آبا د سے واپس نہیں آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام کو خیبرپختونخوا اسمبلی میں اب تک نمائندگی نہیں دی گئی، حکومت قبائلی عوام کو اصلاحات کے نام پرتقسیم کر رہی ہے، ہم پشتونوں کی تقسیم کو نہیں مانتے، کچھ پولیٹیکل ایجنٹ اس پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ قبائلی علاقوں میں ایف سی آر کو ختم کرکے خیبرپختونخوا میں ضم کیا جائے، میں پوچھتا ہوں کہ کس قانون کی بنیاد پر قبائلی علاقوں اور پشاور کو تقسیم کیا گیا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ گورنر خیبرپختونخوا دیکھ لیں کہ یہ دھرنے میں بیٹھے عوام کی فریاد ہے، گورنر کے پی کے ہماری آواز اسلام آباد تک پہنچائیں۔
شاہد خاقان کو یقین نہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں
سراج الحق کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کو یقین نہیں ہے کہ وہ وزیراعظم بن گئے ہیں، وہ ہربات کے لیے رائےونڈ کی طرف دیکھتے ہیں، حالانکہ نااہلی کے بعد نواز شریف کی کہانی مکمل ہو گئی ہے، صدر پاکستان نے صحیح کہا تھا کہ پاناما اللہ کی بےآواز لاٹھی ہے، نوازشریف نےعاجزی کی بجائے تکبر کا راستہ اختیار کیا۔
آرٹیکل 62 63 کی شقیں نکالنے کی کوشش کی تو مزاحمت کریں گے
پشاور میں جلسے سے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 62،63 کو آئین سے نکالنے کی ہر کوشش کا مقابلہ کریں گے، آرٹیکل 62،63 تمام لوگوں پر لاگو ہونا ضروری سمجھتا ہوں جس میں ججز بیورو کریٹ، جنرل اور حکمران شامل ہیں، میں حکومت کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ اگر ان شقوں کو نکالنے کی کوشش کی گئی تو ہم اس کا بھرپور دفاع کریں گے۔
امریکی امداد کو اس کے منہ پر مار دیا جائے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ تقریر پر ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نےایک بار پھر پاکستان کو دھمکی دی ہے، ٹرمپ کہتا ہے کہ پاکستان کو بات نہ ماننے پر سزادی جائے گی، مرکزی حکومت کو کہتا ہوں کہ امریکی حکومت کی امداد کو ان کے منہ پر مارے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔