امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔
منصورہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ کراچی بلدیاتی الیکشن میں کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کریں گے، ایم کیو ایم اکٹھی ہو رہی ہے یا الگ الگ لیکن شکست سے نہیں بچ سکتی، کراچی کے عوام ان لوگوں کو پہچان چکے جنہوں نے شہر تباہ کیا۔
جنیوا کانفرنس پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں امداد نہیں قرضے دیے گئے، قوم کو شرائط سے آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس تمام مسائل کی چابی سودی قرضے اور قرضوں پر مزید قرضے ہیں، حکمران جماعتوں کا کرپٹ ٹرائیکا غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے کو تیار نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران کرپشن، پروٹوکول اور وی آئی پی کلچر کا خاتمہ نہیں چاہتے، مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان جاری ہے اور معیشت، صنعت اور زراعت تباہ ہوگئی۔