بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

سانحہ مچھ کے لواحقین سے اظہار یکجہتی، کراچی میں 18 مقامات پر دھرنے جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: بلوچستان کے علاقے مچھ میں قتل ہونے والے کان کنوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے شہر قائد میں 18 مقامات پر دھرنوں کا آغاز ہوگیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ واقعے میں 10 کان کنوں کے بہیمانہ قتل کےخلاف اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں دھرنوں کا آغاز ہوگیا۔

ایک روز قبل مجلس وحدت المسلمین نے کراچی کے 6 مقامات پر دھرنے شروع کیے جن کی تعداد  اب بڑھ گئی اور مظاہرین کراچی کے مختلف 18 مقامات پر سڑکوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

کراچی کی مختلف اور اہم شاہراہوں پر ہونے والے دھرنوں کےباعث شہرکےمختلف علاقوں میں شدیدٹریفک جام ہے اور شہریوں کو بہت زیادہ اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مظاہرین نے نیشنل ہائی وے، نمائش چورنگی، ابوالحسن اصفہانی روڈ، کامران چورنگی، کالونی گیٹ ناتھا خان، ملیر 15، شاہراہ فیصل ائیرپورٹ کے قریب بھی دھرنا دے دیا۔

مزید پڑھیں: مچھ واقعہ، پاکستان اور اسلام کو بدنام کرنے کے لیے تھا، طاہر اشرفی

علاوہ ازیں گلشن اقبال میں سفاری پارک، نیپا چورنگی پر بھی مظاہرین بیٹھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی بری طرح سے متاثر ہورہی ہے۔

ضلع وسطی کے علاقے نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی، سرجانی ٹاؤن خدا کی بستی میں بھی دھرنوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، اسی طرح کورنگی ڈھائی نمبر پر بھی مظاہرین نے سڑک بند کردی۔

دھرنوں کی وجہ سے شاہراہ پاکستان، لیاری ایکسپریس وے پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے کیونکہ مذکورہ راستے نمائش کے بعد سے سہراب گوٹھ تک کھلے ہوئے ہیں۔

ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے دھرنے کی وجہ سے نہ صرف مسافر پریشان ہیں بلکہ پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں ہیں، اسی کے ساتھ ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کو بھی اسٹیشن پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ مچھ : وزیراعظم کی ہزارہ برادری سے اپنے پیاروں کی تدفین کی دراخوست

محکمہ ریلوے کے مطابق مسافروں کی سہولت کے لیے لانڈھی اور ڈرگ روڈ اسٹیشن پر ٹرینیں دو ، دو منٹ روکی جارہی ہیں۔

شہر قائد میں ہونے والے دھرنوں اور احتجاج کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے اور چند سڑکوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہے۔

ایک شہری کا کہنا تھا کہ ’احتجاج سب کا حق ہے مگر کراچی کی سڑکیں بند کرنے کا فائدہ ہے، ہمیں پیٹرول نہیں مل رہا، گھروں تک نہیں پہنچ پارہے‘۔

ایک شہری نے مظاہرین سے پرامن رہنے کی ایپل کرتے ہوئے کاہ کہ ’میرا رکشہ توڑ دیا گیا ہے، میرا کوئی قصور نہیں تھا، خدا را پرامن احتجاج کریں‘۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں