جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

ویڈیو رپورٹ: دھرنوں کے خلاف کراچی پولیس نے کارروائی شروع کر دی، عباس ٹاؤن میں زبردست شیلنگ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں پاراچنار کے مسئلے پر دیے جانے والے دھرنوں کے خلاف کراچی پولیس نے کارروائی شروع کر دی، عباس ٹاؤن میں شرکا پر زبردست شیلنگ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق عباس ٹاؤن ابوالحسن اصفہانی روڈ پر پولیس نے دھرنا ختم کرانے کے لیے کارروائی شروع کر دی، پولیس اہلکاروں نے دھرنا دینے والے کارکنان پر لاٹھی چارج کیا، اور شدید شیلنگ کر کے شرکا کو منتشر کر دیا۔

کارروائی کے دوران ہوائی فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، علاقے میں شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں، پولیس نے دھرنے کے لیے لگائے گئے ٹینٹ گرا دیے، پولیس کی بھاری نفری نے عباس ٹاؤن میں دھرنا ختم کرنے میں حصہ لیا۔

- Advertisement -

اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس دھرنے کے مقامات پر اچانک پہنچی، صبح پولیس کنٹرول پر یہ پیغام چلا تھا کہ دھرنے کے مقامات پر پہنچ کر مذاکرات کے ذریعے دھرنوں کو ختم کرایا جائے، اگر منتظمین نہ مانیں تو پھر طاقت کے ذریعے دھرنے ختم کرائے جائیں۔

عباس ٹاؤن میں دھرنے کی وجہ سے یہ روڈ گزشتہ 7 دنوں سے بند تھا، جب پولیس پہنچی اور کارروائی شروع کر دی تو ٹینٹ میں بیٹھے دھرنے کے شرکا، جن کی تعداد بہت کم تھی، اٹھ کر بھاگ گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تمام مقامات سے دھرنے ختم کرا دیے گئے، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں اس وقت کسی مقام پر احتجاج یا دھرنا نہیں ہے۔

ادھر ترجمان سندھ حکومت نے کہا ہے کہ کراچی منی پاکستان اورکاروباری حب ہے، شہر کو مفلوج بنانے کا مطلب پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے، معیشت کو بہت مشکل سے ٹریک پر ڈالا گیا ہے، اس لیے کراچی کو مفلوج بنانا قابل قبول نہیں۔

Comments

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں