مانسہرہ: خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں گھر میں گیس لیکیج کے باعث دم گھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مانسہرہ کے نواحی علاقے پانو روڈ پرگھر میں گیس لیکیج کے باعث دم گھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں میں ماں ، میاں ، بیوی اور تین کمسن بچے شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق پانو روڈ پر محمد افضل کے گھر میں رات گئے گیس کی لیکیج ہوئی جس سے گھر میں موجود محمد افضل، ان کی والدہ ، بیوی اور تین کمسن بچے دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوئے۔
اہل محلہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا خاندان اوگی کا رہائشی ہے، جاں بحق ہونے والے خاندان کے سربراہ محمد افضل مستری کا کام کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاندان نے سردی کے باعث رات کو گیس ہیٹر جلایا تھا تاہم گیس لوڈشیڈنگ کے بعد رات گئے گیس بحال ہوئی تو سوئے ہوئے ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے کنگ عبداللہ اسپتال پہنچا دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔