ہم میں سے بہت سے افراد دن کے آغاز پر ناشتہ کرنے کے عادی نہیں ہوتے۔ دیر سے اٹھنے اور اسکول، کالج یا دفتر کے لیے دیر ہوجانے کے سبب اکثر افراد عموماً ناشتہ چھوڑنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
اگر آپ کا شمار بھی ایسے ہی افراد میں ہوتا ہے تو آپ اپنے لیے دل کے امراض اور کسی بھی دن اچانک دل کے جان لیوا دورے کی راہ ہموار کر ر ہے ہیں۔
حال ہی میں امریکی ڈاکٹروں کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق دن کے آغاز میں زیادہ کیلوریز لینا اور رات کے وقت کم کھانا کھانا امراض قلب، فالج اور خون کی شریانوں سے متعلق دیگر کئی امراض کا خطرہ کم کردیتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق جب آپ صبح سو کر اٹھتے ہیں تو آپ کے دماغ کو فوری طور پر توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس وقت آپ جو بھی غذا کھاتے ہیں وہ آپ کے جسم کے بجائے آپ کے دماغ کو توانائی پہنچانے میں صرف ہوجاتی ہے۔
مزید پڑھیں: ہمارے ناشتہ میں شامل 6 نقصان دہ غذائیں
اسی طرح اگر ہم ناشتے میں صحت مند اور غذائیت سے بھرپور غذائی اشیا کھائیں گے تو وہ سارا دن چلنے پھرنے کے دوران ہمارا جزو بدن بن جائے گی اور ہضم ہوجائے گی۔ اس کے برعکس اگر ہم دن ڈھلنے کے بعد مختلف غذائیں کھائیں گے تو وہ ہضم ہونے میں وقت لے گی۔
کولمبیا یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق دن کے آغاز پر بھرپور ناشتہ کرنا ہمیں توانائی پہنچاتا ہے اور ہم فٹ رہتے ہیں۔ علاوہ ازیں ہم دماغی طور پر چاک و چوبند اور بہترین ذہنی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔
اس سے قبل بھی کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ناشتہ میں چاکلیٹ کھانا آپ کی دماغی صلاحیت میں اضافہ اور وزن میں کمی کر سکتا ہے۔