لندن: برطانوی ٹی وی اسکائی نیوز کو اس وقت معافی مانگنی پڑی جب ایک ٹاک شو میں میزبان نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا ہولوکاسٹ سے موازنہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق اسکائی نیوز نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا ہولوکاسٹ سے موازنہ کرنے پر معافی مانگ لی ہے، غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے فیصلہ آنے کے بعد ایک ٹاک شو میں میزبان اور اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سابق سفیر ڈینی ڈانن میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
خاتون میزبان بیلے ڈوناٹی نے غزہ میں نسل کشی کا ہولوکاسٹ سے موازنہ کیا، جس پر سابق اسرائیلی سفارتکار بھڑک اٹھے اور آن ایئر پروگرام میں خاتون میزبان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا، پروگرام ہی میں تلخ سوال کرنے پر سابق اسرائیلی سفیر نے خاتون میزبان کو گستاخ بھی قرار دے دیا۔
This insolent interviewer from @SkyNews disgracefully drew comparisons between the situation in Gaza and the Holocaust. Shame on her pic.twitter.com/GyhkL2W1co
— Danny Danon דני דנון (@dannydanon) January 26, 2024
ایک لائیو بیان میں اسکائی نیوز کے میزبان جوناتھن سیموئلز نے کہا کہ جمعہ کے روز ڈوناٹی کے تبصرے نامناسب تھے اور براڈکاسٹر کی جانب سے اس پر ناظرین اور ڈینی ڈانن سے ’غیر مشروط‘ طور پر معذرت کی جاتی ہے۔
A statement from Sky News pic.twitter.com/XTQZnTcp31
— Sky News (@SkyNews) January 26, 2024
اسکائی نیوز کی میزبان ڈوناٹی نے سابق اسرائیلی سفارتکار سے نومبر میں وال اسٹریٹ جرنل میں شائع شدہ اُن کے ایک مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے پوچھا کہ کیا آپ اپنے اس بیان پر قائم ہیں کہ ’’آپ نے مغربی ممالک کو غزہ کی کچھ آبادی کی نسلی صفائی کا مشورہ دیا تھا کہ وہ غزہ کے مہاجرین کو قبول کریں؟‘‘ ڈانن نے اس پر بھڑکتے ہوئے کہا کہ میں نے نسلی صفائی کے الفاظ نہیں لکھے، میں نے رضاکارانہ نقل مکانی کا ذکر کیا تھا۔ اس پر میزبان بولیں: ’’میرا خیال ہے اُسی طرح کی رضاکارانہ نقل مکانی جیسا کہ ہولوکاسٹ کے دوران بہت سے یہودیوں نے کی؟‘‘
سابق اسرائیلی سفارتکار یہ سن کر ہتھے سے اکھڑ گئے اور نہایت غصے میں اسکائی نیوز کی خاتون میزبان پر یہود دشمنی کا الزام لگا دیا، اور کہا ’’اس موازنے پر آپ کو شرم آںی چاہیے اور آپ نے ابھی جو کچھ کہا ہے اس پر آپ کو معافی مانگنی چاہیے۔‘‘
بعد ازاں ڈانن نے میزبان ڈوناتی کو ایک ’گستاخ انٹرویو لینے والا‘ قرار دیا اور ایکس پر اس انٹرویو کی ویڈیو بھی شیئر کی۔