ہفتہ, فروری 22, 2025
اشتہار

مری اور بالائی علاقوں میں شدید برفباری، سیاحوں کیلیے کیا ایڈوائزری جاری کی گئی؟

اشتہار

حیرت انگیز

مری سمیت بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے بعد انتظامیہ الرٹ ہو گئی ہے اور سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔

خشک سالی کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری نے موسم خوشگوار اور جاتی سردی کو واپس لوٹا دیا ہے۔

پاکستان کے پرفضا تفریحی مقامات مری سمیت بالائی علاقوں میں شدید برفباری نے جہاں ان علاقوں کا حسن دوبالا کر کے سیاحوں کو متوجہ کر لیا ہے وہیں مقامی انتظامیہ نے آنے والے سیاحوں کے لیے ایڈوائزری بھی جاری کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملکہ کوہسار، نتھیا گلی، ایوبیہ، گلیات کے بالائی مقامات پر 6 سے 8 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ لواری ٹنل اور سیاحتی مقام کمراٹ میں بھی ایک فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ استور میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ دیر، مالم جبہ، میاندم اور کالام میں بھی برف باری سے سردی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

طویل انتظار کے بعد رواں سال پہلی بار جم کر برفباری نے موسم انتہائی دلفریب کر دیا ہے۔ ایسے حسین موسم اور برف پوش پہاڑوں کے نظاروں لطف لینے کے لیے ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاح مری، گلیات اور بالائی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔

پی ڈی ایم اے ترجمان نے کہا ہے کہ مری میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید برفباری اور بارش کا امکان ہے جب کہ ملکہ کوہسار مری میں ڈی سی نے صورتحال دیکھتے ہوئے سیاحوں کیلیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

برفباری کے بعد مقامی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر مری برفباری کے دوران خود سنو بائیک پر پٹرولنگ کر کے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں جب کہ سیاحوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔

سیاحوں کو کہا گیا ہے کہ وہ موسم سے لطف اندوز ضرور ہوں تاہم ٹریفک جام والی صورتحال سے بچنے کی کوشش کریں۔

واضح رہے کہ 2022 میں مری میں ریکارڈ برفباری کے بعد سیاح پرفضا وادی میں پھنس گئے تھے اور 21 سیاحوں کی اس واقعہ میں موت واقع ہوئی تھی۔

مری میں شدید برفباری سے 21 سیاحوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں