اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کے لیے وزارتِ داخلہ نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور متعلقہ محکموں کو خط ارسال کردیا۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، چیف کمشنر اسلام آباد، تمام صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکرٹریز کو خط ارسال کیا گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر چند تنظیمیں اور اُن سے وابستہ افراد ولی عہد کی آمد سے متعلق منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں، اب تک فیس بک کے 5 مختلف پیجز، 19 فیس بک اکاؤنٹس اور 20 ٹویٹر اکاؤنٹس کی نشاندہی ہوئی جو بے بنیاد باتیں پھیلا رہے ہیں۔
وزارتِ داخلہ نے ایف آئی اے سائبر کرائم اور پی ٹی اے کو ہدایت کی کہ مذکورہ اکاؤنٹس کو فوری بلاک کر کے ان کو چلانے والوں اور ایڈمنز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کل پاکستان پہنچیں گے، اس ضمن میں حکومت نے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے جبکہ جڑواں شہروں کی سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی۔
محمد بن سلمان کا طیارہ جیسے ہی پاکستان کی حدود میں داخل ہوگا انہیں پاک فضائیہ کا شیر دل اسکواڈ جے ایف 17 سے فضاء میں سلامی دے گا جبکہ 21 توپوں کی سلامی بھی دی جائے گی۔ حکومت نے شاہی مہمان کی آمد کے موقع پر شاہی انتظامات کیے، تین سو جدید گاڑیوں کی بکنگ جبکہ ہوٹلز کی بکنگ بھی کرلی جبکہ جڑواں شہروں کی سیکیورٹی پاک فوج نے سنبھال لی۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان آمد پر وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے متبادل ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔