شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ و سپر ماڈل ونیزا احمد نے انکشاف کیا ہے کہ وہ حق مہر کے معاملے پر والدہ سے لڑی تھیں۔
اداکارہ و ماڈل ونیزا احمد نے حالیہ انٹرویو میں کیریئر سمیت نجی زندگی سے متعلق گفتگو کی اور ڈرامہ سیریل ’کچھ ان کہی‘ میں نکاح کے وائرل سین پر بات کی۔
ڈرامہ سیریل کچھ ان کہی میں میرا سیٹھی کا نکاح ہورہا ہے ونیزا احمد (صوفیا) کہتی ہیں کہ ’مولوی صاحب نکاح نامے میں یہ شقیں نہ کاٹیں، مولوی کہتے ہیں کہ ’ان شقوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے لڑکے والے کٹوا دیتے ہیں۔‘
لڑکے کی والدہ اسما عباس کہتی ہیں کہ ’ہاں صحیح کہہ رہے ہیں ارے کیا کرنا ہے ان شقوں کا کوئی فائدہ نہیں ہے ویسے ہماری نیت پر کوئی شق ہے تمہیں کیا، اتنی شوق سے اپنی بہو کو لے کرجارہے ہیں۔‘
صوفیا کہتی ہیں کہ ’مولوی صاحب یہ نان نفقے اولاد کی کسٹڈی اور طلاق کے حق کی شقیں، مذہب میں عورت کے تحفظ کے لیے موجود ہیں، کسی کو حق نہیں ان کو کاٹنے کا، پلیز آپ کراس نہیں کریں گے۔‘
اس وائرل سین پر ونیزا احمد نے حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ مجھ جیسی پڑھی لکھی بااختیار عورت جب اپنے نکاح کے وقت کچھ بول نہیں سکی تو میں سوچتی ہوں کہ دیگر مسکین خواتین کیسے نکاح کے وقت بولتی ہوں گی۔
اداکارہ نے کہا میری والدہ نے میرا حق مہر 24 روپے رکھا تھا جس کا مجھے بعد میں علم ہوا، اس وجہ سے میں ان سے لڑی بھی کہ انہوں نے میرے بارے میں نہیں سوچا آج کے دور میں 24 روپے میں کیا آتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جواب میں والدہ نے کہا کہ میرا بھی ایسے ہی حق مہر رکھا گیا تھا جس پر میں نے کہا کہ وہ زمانہ اور تھا اور وہ کئی برس پہلے کی بات ہے۔