تازہ ترین

آئن لائن گیم کھیل کر بیٹے نے باپ کو کنگال کردیا

بھارت میں ایک ریٹائرڈ بھارتی فوجی کے آن لائن گیم کے شیدائی بیٹے نے آن لائن گیم کھیل کر اپنے باپ کو کنگال کردیا ہے۔

بدلتی دنیا نے بچوں کی تفریح کے انداز بھی بدل دیے ہیں ماضی میں بچے گھروں سے باہر مختلف کھیل کود میں مصروف رہتے تھے جس سے ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما ہوتی تھی لیکن بدلتے وقت کے ساتھ بچوں تفریح پہلے کمپیوٹر اور اب ہاتھ میں پکڑے چند انچ کے موبائل فون میں قید ہوکر رہ گئی ہے بالخصوص آن لائن گیمز کے متعارف ہونے سے تو بچوں کی تفریح کے معنی ہی بدل گئے ہیں۔

کھیل کھیل تک ہی رہے تو اچھا رہتا ہے لیکن آن لائن گیمنگ کا نشہ بعض اوقات بڑے بڑے نقصانات سے دوچار کردیتا ہے، حال ہی میں بچوں کو آن لائن گیم کھیلنے سے روکنے پر بچوں کے پرتشدد رویوں حتیٰ کے قتل جیسے واقعات تک سامنے آچکے ہیں، اسی نوعیت کا ایک واقعہ اب پڑوسی ملک بھارت میں ہوا ہے جہاں بیٹے کے آن لائن گیم کے نشے نے باپ کو کنگال کرکے رکھ دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر آگرہ سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ فوجی کے اس کے بیٹے کو آن لائن گیم کھیلنے کی عادت لے ڈوبی اور ایک ہی جھٹکے میں اس کے 39 لاکھ بھارتی روپے ضائع ہون سے بینک اکاؤنٹ خالی ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق بیٹا اپنے والد کے موبائل فون پر آن لائن گیم کھیل رہا تھا کہ اچانک فوجی کے اکاؤنٹ سے 39 لاکھ بھارتی روپے نکل گئے، جب ریٹائرڈ فوجی کو اس بات کا علم ہوا تو اس نے سائبر کرائم میں شکایت درج کرائی ہے جس میں اس نے پولیس کے سائبر کرائم ونگ کو بتایا کہ اکاؤنٹ سے رقم کیسے منتقل ہوئی اس کا کچھ علم نہیں، اس حوالے سے انہیں نہ ہی کوئی میسج موصول ہوا اور نہ ہی انہوں نے کوئی ایپ بھی ڈاؤن لوڈ نہیں کی تھی۔

سائبر کرائم ونگ نے مذکورہ ریٹائرڈ فوجی کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے اس کے اکاؤنٹ کی تفصیلات نکالیں، جس سے پتہ چلا کہ متاثرہ شخص کے اکاؤنٹ سے پہلے رقم پے ٹی ایم سے کوڈا پیمنٹ میں گئی بعد ازاں سنگاپور کے ایک بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق یہ بینک اکاؤنٹ کرافٹن کمپنی کا ہے جو ’بیٹل گراؤنڈ آن لائن انڈیا‘ کے نام سے ایک آن لائن گیم چلاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آن لائن گیم کھیلنے والے 7 سالہ بچے نے والد کو کار بیچنے پر مجبور کردیا

پولیس نے کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کیں تو پتہ چلا کہ گیم میں ہتھیار اور دیگر خصوصیات حاصل کرنے کےلیے رقم ادا کرنی پڑتی ہے اور گیم آٹو پیمنٹ موڈ پر تھا جس کے باعث فوجی کا بیٹا گیم کھیلنے کے دوران چیزیں خریدتا تھا اور اکاؤنٹ سے 39 لاکھ روپے رقم خرچ ہوگئی۔

Comments

- Advertisement -