ریاض: سعودی وزارت کھیل نے کھیل دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آنے والوں کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں، وزارت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت کھیل نے اسٹیڈیم آنے والوں کو ماسک استعمال کرنے کی پابندی کی ہدایات جاری کردی ہیں، کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ ایس اوپیز پر اسٹیڈیم میں بھی عمل کیا جائے۔
وزارت کھیل کی جانب سے جاری ہونے والے ضوابط میں کہا گیا ہے کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
وزارت کی جانب سے جاری ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ اسٹیڈیم آنے والے شائقین ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں خواہ وہ اسٹیڈیم کے کسی بھی مقام یعنی بند یا کھلے میں بیٹھے ہوں۔
ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیڈیمز کی انتظامیہ کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ آنے والے شائقین کو ماسک کے استعمال کی پابندی کروائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سے مملکت کے مختلف شہروں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیاجانے لگا ہے، اس حوالے سے وزارت صحت کا کہنا تھا کہ لوگوں کو چاہیئے کہ وہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔