جنوبی افریقا کا ایک اور فاسٹ بولر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگیا۔
جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر جیرالڈ کوئٹزی انجری کے باعث آئی سی سی چیمپئنز ٹراسی سے باہر ہوگئے، نورکیا کی انجری کے بعد جیرالڈ کوئٹیزی کا نام متبادل کے طور پر شامل کیا گیا تھا لیکن اب وہ بھی انجری کے سبب میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
کرکٹ جنوبی افریقا کا کہنا ہے کہ کوئٹزی نے ٹریننگ کے دوران بولنگ کرتے ہوئے اپنی ران میں کھنچاؤ محسوس کیا تھا جس کے بعد میڈیکل ٹیم نے معائنہ کیا جس میں ان کی انجری کو شدید قرار دیا۔
کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کوئٹزی اب چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
نوجوان فاسٹ بولر کوربن بوش اور لوتھیو سپاملا کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے متبادل کے طور پر شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلادیش، افغانستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
جنوبی افریقا کی ٹیم اپنا پہلا میچ 21 فروری کو افغانستان کے خلاف کراچی میں کھیلے گی۔