بدھ, دسمبر 4, 2024
اشتہار

امریکا میں دو ٹرینیں ٹکرا گئیں‘ دو ہلاک‘ 116 زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

کولمبیا : امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں مسافر ٹرین غلط ٹریک پر آنے کے سبب پہلے سے کھڑی دوسری ٹرین سے ٹکرا گئی‘ تصادم کے باعث ٹرین عملے کے د و افراد ہلاک جبکہ 116 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں مسافر بردار ٹرین اور مال گاڑی میں تصادم سگنل غلطی سے آن ہونے کی وجہ سے پیش آیا‘ تصادم کے نتیجے میں چار بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں اور مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں کل 116 زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشنا ک ہے جبکہ ایم ٹریک نامی اس ٹرین کمپنی کا 54 سالہ انجن انجینئر مائیکل کیمف اور36 سالہ کنڈکٹر مائیکل سیلا ہلاک ہوگئے ہیں۔

امدادی ٹیموں کے مطابق تصادم کے نتیجے میں ٹریک پر پہلے سے موجود مال بردار ٹرین سے پانچ ہزار گیلن تیل ٹریک پر بہہ گیا، اطلاع ملنے کے چند ہی منٹ میں ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں اور امدادی کام شروع کردیا گیا تھا۔

- Advertisement -

ماہرین کے مطابق یہ حادثہ ٹرینوں میں ’پازیٹو ٹرین کنٹرول‘ سسٹم نصب نہ ہونے کے سبب پیش آیا ۔ یہ سسٹم جی پی ایس‘ ریڈیو سگنلز اور کمپیوٹر مونیٹرنگ کے اشتراک سے محفوظ سفر کو یقینی بناتا ہے‘ یہ بھی کہا جارہاہے کہ سنہ 2018 کے اختتام تک تمام ٹرینوں میں اس سسٹم کی تنصیب یقینی بنائی جائے گی۔

دوسری جانب کمپنی کے سی ای او رچرڈ اینڈرسن نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جس حصے میں حادثہ ہوا ‘ وہاں سگنل سسٹم ڈاؤن تھا‘ اور ٹرینوں کوسی ایس ایکس نامی ایک ادارہ مینوئل طریقے سے کنٹرول کررہا تھا‘ اور اسی دوران کسی غلطی کے سبب حادثہ پیش آیا۔

دوسری جانب سی ایس ایکس نامی کمپنی جو کہ امریکا کے زیادہ تر ریلوے ٹریکس کی مالک ہے‘ انہوں نے اس موقع پر ہلاک ہونے والے افراد کے لیے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ حادثے کے وقت سسٹم مینوئل انداز میں چلایا جارہا تھا اور ٹیلی فون پر ہدایات دی جارہی تھیں‘ کمپنی کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کررہے ہیں کہ آخر کیا چیز تصادم کا سبب بنی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں