یورپی ملک اسپین اور برازیل میں منکی پاکس سے دو ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد دنیا بھر میں 18 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی ملک اسپین سے شروع ہونے والی بیماری ’منکی پاکس‘ سے اسپین میں پہلی ہلاکت رپورٹ کی گئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ منی پاکس سے متاثرہ شخص اسپتال میں زیر علاج تھا، جہاں اس شخص کی موت 29 جولائی کو ہوئی ہے۔ ہسپانوی حکام نے مرنے والے مریض سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
اسپین یورپ میں منکی پاکس سے متاثر ہونے والا سب سے بڑا ملک ہے، جہاں متاثر مریضوں کی تعداد 4 ہزار 300 تک جا پہنچی ہے۔
دوسری جانب جنوبی امریکی ملک برازیل میں بھی منکی پاکس سے پہلی موت رپورٹ کی گئی ہے، 41 سالہ متاثرہ شخص کئی روز اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد چل بسا۔
برازیل میں منکی پاکس سے متاثر افراد کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ گئی ہے، برازیل میں سب سے زیادہ کیسز ساؤ پولو اور ریوڈی جنیرو میں رپورٹ کیے گئے ہیں۔
منی پاکس سے براعظم افریقہ سے باہر پہلی بار دو اموات ہوئی ہیں، اس سے قبل اب تک افریقی ممالک میں منی پاکس سے 5 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر میں منکی پاکس کے کیسز میں اضافے کے بعد منکی پاکس کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دے دیا تھا۔