میڈریڈ: اسپین میں واقع جزیرے کینرے میں چٹان اچانک گر پڑی جس کی وجہ سے ساحل پر موجود لوگ خوفزدہ ہوگئے، خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو اسپین کے کینرے جزیرے کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ساحل پر اچانک بھگدڑ مچ گئی اور وہاں موجود شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئے۔
ساحل پر موجود ایک سیاح نے منظر دیکھنے کے بعد فوراً اپنا موبائل نکالا اور تمام مناظر کو اپنے موبائل میں محفوظ کر کے اسے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ جس جگہ پر چٹان گرنے کا واقعہ پیش آیا وہاں سے کچھ ہی دور بہت سارے لوگ موجود تھے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق پہاڑی تودہ کرنے کے بعد مقامی انتظامیہ نے ایمرجنسی نافذ کردی کیونکہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ملبے میں کچھ لوگ دبے یا پھنس گئے ہیں۔
کینری جزیرے گروپ کے صدر اینجل وکٹر ٹاریس نے ساحل پر آنے والوں سے درخواست کی کہ وہ پہاڑوں سے دور ہی رہیں کیونکہ اس وقت صورت حال بہت خطرناک ہے۔
انہوں نے لکھا کہ فی الحال اس مقام پر عوام کا داخلہ بند ہے کیونکہ تودہ گرنے کے بعد پہاڑ پر دراڑیں پڑ گئی ہیں جس کی وجہ سے دوبارہ ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔
Desplazados efectivos de seguridad y perros especializados en búsqueda de personas al lugar. Sitio peligroso y de prohibido acceso. Aunque parezca estabilizado, hay grietas, con lo que el riesgo de repetición existe. Máxima precaución y todo el apoyo a la isla de La Gomera. pic.twitter.com/yx7NIDF7By
— Ángel Víctor Torres (@avtorresp) November 14, 2020
انٹرنیٹ پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پہاڑ کا ایک بڑا تودا بلندی سے زمین کی طرف گر رہا ہے۔ اس موقع پر ویڈیو بنانے والا شخص بھی خوف کی وجہ سے وہاں سے بھاگ گیا۔
اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی انتظامیہ نے ہیلی کاپٹروں اور دیگر ریسکیو اداروں کی مدد سے بحالی آپریشن کا آغاز کردیا، واقعے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔